ممبئی(نیوزڈیسک)بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے فلم اسٹار سلمان خان کو ریو اولمپک کا خیر سگالی سفیر مقرر کردیا گیا۔ سلمان خان کی تقرری حسب روایت متنازعہ بن گئی۔ اولمپیئنز یوگیشور دت اور ملکھا سنگھ نے تقرری پر اعتراض کردیا۔بھارتی فلم اسٹار سلمان خان اپنی اگلی فلم سلطان میں ریسلر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن نے ریو اولمپکس کے لیے سلمان خان کو خیر سگالی سفیر مقرر کیا ہے۔لندن اولمپکس کے برانز میڈلسٹ ریسلر یوگیش وردت اور لی جنڈ اسپرنٹر ملکھا سنگھ نے فیصلہ کو متنازعہ قرار دیا ہے۔ اولمپیئنز کا کہنا ہے کہ باکسر میری کوم، شوٹر آیوری چنڈیلا اور ہاکی کپتان سردار سنگھ کی موجودگی میں فلم اسٹار کو خیر سگالی سفیر قرار دینا غلط فیصلہ ہے۔ آئی او اے کو سلمان خان کے بجائے اولمپیئن کو خیر سگالی سفیر بنانا چاہیئے۔آئی او اے کے سیکریٹری جنرل راجیو مہتا نے تقرری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ خیر سگالی سفیر اعزازی عہدہ ہے۔ اس سے کوئی مالی مفاد وابستہ نہیں۔ ہم ملکی اولمپک کھیلوں کو سپورٹ کرنے پر سلمان خان کے مشکور ہیں۔ عوام میں اولمپک گیمز کی مقبولیت بڑھانے کے لیے میوزک اور دیگر شعبوں کے مزید افراد کو خیر سگالی سفیر مقرر کیا جائے گا۔