کراچی (نیوزڈیسک) بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کا ایک اور مذموم منصوبہ بے نقاب ہو گیا۔ سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار را کے ایجنٹوں صدام حسین عرف روشن ماچھی اور بچل سولنگی نے دوران تفتیش بھارتی ایجنٹوں سے رابطوں سے متعلق اہم معلومات اگل دیں۔ تفتیشی رپورٹ کے مطابق ماہی گیروں کے بھیس میں را کے لیے کام کرنے والے ان ایجنٹوں کو مخصوص کوڈ نمبر الاٹ کیے گئے تھے۔ بچل کا کوڈ نمبر56 تھا جبکہ صدام حسین کو پہلے کوڈ نمبر226 اور بعد میں201 الاٹ کیا گیا۔ یہی خفیہ کوڈ بتانے کے بعد بھارتی بحریہ ماہی گیروں کو اپنی سمندری حدود میں داخل ہونے کی اجازت دیتی تھی۔را کے ان ایجنٹوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں بھارت بلانے کے لیے بڑے مولوی نے بلایا ہے، آجاو¿ اور مٹھائی تیار ہے، شادی میں آجاو¿ جیسے مخصوص الفاظ کا استعمال کیا جاتا تھا۔ دونوں ایجنٹوں کو مجموعی طور پر بھارت میں 9 ٹیلیفون نمبر فراہم کیے گئے تھے جن پر وہ را کے مختلف افسر واہلکاروں سے رابطہ کرتے تھے۔