بیجنگ (نیوزڈیسک) چین نے پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں کی بنیادی انسانی اقدار کی خلاف ورز ی قرار دیدیا ، چین نے رواں ہفتے امریکہ کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی حوالے سے تفصیلی رپورٹ جاری کرتے ہوئے پاکستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ روزنامہ جنگ کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے دیگر ممالک میں شرمناک اور ظالمانہ طریقے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کیں اور شہریوں کے ساتھ بے رحمانہ سلوک کیا، عراق اور شام میں امریکی فضائیہ کے حملوں میں ہزاروں عام شہری ہلاک ہوئے ، اسی طرح امریکہ نے پاکستان اور یمن میں بغیر کسی توجہ کے بے رحمانہ حملے کئے جن میں ہزاروں کی تعداد میں عام شہری ہلاک ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کے انسانی حقوق کے ریکارڈ میں کسی قسم کی بہتری دکھائی نہیں دے رہی، چینی سٹیٹ کونسل انفارمیشن آفس کی جانب سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال امریکا میں 51 ہزار 675 فائرنگ کے واقعات میں 13 ہزار 136 افراد ہلاک جبکہ 26 ہزار 493 افراد زخمی ہوئے ۔ امریکی پولیس نے گزشتہ سال 965 افراد کو ہلاک کیا جبکہ پولیس کی جانب سے طاقت کا بیہمانہ طریقے سے استعمال کیا گیا۔