اسلام آباد(نیوز ڈیسک) امریکی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو مبینہ خطرے کے پیش نظر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں واقع میریٹ ہوٹل اور اسں کے ارد گرد کے علاقوں سے دور رہنے کے لیے کہا ہے۔پاکستان میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سفارتخانے کو اسلام آباد میں میریٹ ہوٹل پر حملے کے معمولی لیکن غیر مصدقہ خطرے کے بارے میں معلوم ہوا ہے۔‘بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’امریکی شہریوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں کے دوران ان علاقوں سے دور رہیں جب تک کے صورتحال کا جائزہ نہیں لے لیا جاتا۔‘خیال رہے کہ گذشتہ دنوں اسلام آباد میں قانون نافد کرنے والے اداروں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے علاوہ جڑواں شہر راولپنڈی میں واقع فائیو سٹار ہوٹل میں بم کی مبینہ اطلاعات کے بعد دونوں شہروں کی ناکہ بندی کر دی تھی۔ مقامی پولیس کے مطابق اُنھیں وزارت داخلہ کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ اُنھیں ایک گمنام ٹیلی فون کے ذریعے بتایا گیا کہ مذکورہ عمارتوں میں دھماکہ خیز مواد رکھا گیا ہے جو کچھ کے دیر کے بعد پھٹ جائےگا۔