لندن (نیوزڈیسک )لاطینی امریکہ کے ملک ایکواڈور کے ساحلی میں علاقے شدید زلزلہ آیا ہے۔ ریکٹر سکیل پر اس کی شدت 7.8 کی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بڑے پیمانے پر عمارتیں منہدم ہوئی ہیں۔ ابھی تک اس میں 28 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں لیکن اس تعداد میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ زلزلے کا مرکز موزین شہر کے آس پاس کا علاقہ تھا جس سے 160 کلو میٹر دور دارالحکومت کیوٹو میں بھی عمارتیں ہل گئیں۔ دارالحکومت میں عمارتوں کو جب جھٹکے پر جھٹکے لگنے شروع ہوئے تو لوگ گھبراہٹ میں گھر سے باہر نکلنے لگے۔ ابتدائي بیان میں ایکواڈور کے نائب صدر جارج گلیس نے ایک کانفرنس میں زلزلے سے 16 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی جو مختف شہروں میں ہلاک ہوئے۔ کیوٹو کی ایک رہائشی زولیا ویلینا نے خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹیڈ پریس کو بتایا’میں اب بھی گھبرائی ہوئی ہوں۔ میری عمارت بہت دیر تک ہلتی رہی اور بہت سی چيزیں فرش پر گر گئیں۔ بہت سے پڑوسی چیخ رہے تھے اور بچے رو رہے تھے۔‘ زلزلے کے سبب شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ اس زلزلے سے گوایاکل نامی شہر میں ایک فلائی اوور تباہ ہوگيا ہے جبکہ کئی علاقوں میں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ دی پیسیفک سونامی وارنگ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ ساحلی علاقوں میں 300 کلو میٹر کے اندر تک خطرناک قسم کی لہریں اٹھنے کا خدشہ ہے۔