لاہور( این این آئی )پاکستان تحریک انصاف پنجا ب کے سابق صدر اعجاز احمدچوہدری نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کے علاوہ کوئی کمیٹی یا کمیشن کسی صورت قبول نہیں کریں گے ، نواز شریف کاساتھ دینے والی جماعتوں کی سیاست کا جنازہ نکل جائے گا ،پانامہ لیکس کا ایشو کسی صورت دبایا نہیں جا سکتا ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی دولت پر کھربوں روپے کا ڈاکہ ڈال کر پیسہ ملک سے باہر لے جایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک سے کرپشن کا خاتمہ کر کے دم لیں گے ۔نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لئے قوم سے جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں ،اگر وہ بے گناہ ہے تو جوڈیشل کمیشن بنانے سے کیوں ڈر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء بہتان تراشی کرنے کے سواء کوئی دوسرا کام نہیں کر رہے ،پانامہ لیکس نے نواز شریف کی حقیقت پوری دنیا کے سامنے کھول کر رکھ دی ہے ۔ نواز شریف کو قوم کو بتانا ہو گا کہ قوم کے اربوں روپے ملک سے باہر کیسے لیکر گئے ۔