کیرالہ(نیوزڈیسک) ہندوستان کی ریاست کیرالا کے ایک مندر میں خوفناک آتشزدگی سے 102 افراد ہلاک اور 350 سے زائد زخمی ہو گئے۔بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کیرالہ کے ضلع کولام میں پراور پوتنگل دیوی کے مندر میں سالانہ تقریب کے موقع پر آتشزدگی کا اہتمام کیا گیا تھا، اس سالانہ مذہبی تقریب میں رات بھر آتش بازی کا مظاہرہ کیا جانا تھا۔ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب آتش بازی کے مظاہرے کے لیے ایک اندازے کے مطابق 10ہزار سے زائد افراد جمع تھے۔اسی دوران ساڑھے تین بجے آتش بازی کے سامان کے گودام میں کسی چنگاری کے باعث آگ لگ گئی جس نے بہت تیزی خوفناک آتشزدگی کی شکل اختیار کر لی ہے، اس آگ کی لیپٹ میں مجمع کا بڑا حصہ آ گیا۔آتش بازی کے سامان میں دھماکوں سے مندر کے قریب واقع سرکاری عمارت بھی مکمل طور پر منہدم ہو گئی۔آتش زدگی سے کئی افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ سیکڑوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔اس موقع پر ہر طرف چیخ وپکار جاری تھی-بھارتی خبر رساں ادارے نے رپورٹ کیا کہ آگ سے 102 افراد ہلاک ہوئے۔دی ہندو نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 350 سے زائد زخمیوں کو ضلع کولام کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔کیرالا کے وزیراعلی اومن چندی نے وزیرا عظم نریندر مودی کو فون کیا اور ریسکیو آپریشن میں مرکزی حکومت کی مدد طلب کی۔وزیراعظم نریندر مودی نے مرنے والوں اور زخمیوں کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔