برسلز (نیوزڈیسک)بلجیم کے وزیراعظم نے برسلز میں داعش کے خودکش بم حملوں کو سکیورٹی کی ایک ناکامی قرار دیا ہے لیکن انھوں نے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے کہ ان کا ملک ایک ناکام ریاست ہے،سابق القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کو روکنے میں دس سال لگے اسی طرح ایک دن داعش کو بھی ختم کرکے رہیں گے،میڈیارپورٹس کے مطابق چارلس مشیل نے برسلز میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ جب اس طرح کا کوئی حملہ ہوتا ہے تو یہ یقیناً ایک ناکامی ہوتا ہے اور کوئی بھی اس سے انکار نہیں کرسکتا ہے لیکن میں اس آئیڈیا کو قبول نہیں کرسکتا کہ ہم ایک ناکام ریاست ہیں،انھوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن کو روکنے میں دس سال لگے تھے۔امریکا نائن الیون کے حملوں کے دس سال بعد ان کا سراغ لگانے میں کامیاب ہوسکا تھا،چارلس مشیل کا کہنا تھا کہ ہم یورپ کے قلب میں ایک چھوٹا ملک ہیں اور یہاں سے کوئی بآسانی یورپ کے دوسرے ممالک میں حملوں کی منصوبہ بندی کرسکتا ہے۔ انھوں نے سرحد پار انٹیلی جنس کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا ہے اور کہا ہے کہ اس شعبے میں ہمیں ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔