دمشق(نیوز ڈیسک)شامی حکومت کے نائب وزیر خارجہ فیصل المقداد نے کہاہے کہ شام کی خارجہ پالیسی میں اہم ترین بات یہ ہے کہ ہم سب کا احترام کرتے ہیں ان کا ملک فرانس جیسے کسی بھی ایسے ملک کے پاس ہر گز نہیں جائے گا جو دہشت گردی کو سپورٹ کرتا ہوغیرملکی خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے شا م کے نائب وزیرخارجہ فیصل المقدادنے باور کرایا کہ فرانسیسی اعلانیہ طور پر دہشت گردی کو سپورٹ کرتے ہیں۔ المقداد نے برطانیہ کو بھی فرانس کی صف میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک النصرہ فرنٹ اور داعش کے حوالے سے اپنے بیانات اور تصرفات میں مختلف نہیں۔شامی نائب وزیر خارجہ نے اس امر کی تصدیق کی کہ جنیوا میں شامی حکومت کے وفد کے سربراہ بشار الجعفری ہوں گے۔المقداد نے واضح کیا کہ ہمیں روسی قیادت پر پورا اعتماد ہے۔ اس موقع پر انہوں نے خاص طور پر روسی صدر پوتن اور ان کے بنیادی معاونین کا بھی ذکر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یقیناًیورپی یونین کے بہت سے ممالک نے دہشت گرد جماعتوں کو سپورٹ کیا۔یہاں تک کہ المقداد نے برطانیہ اور فرانس کو یورپ اور شام میں بہنے والے خون کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے دونوں ممالک سے دہشت گردی کی سپورٹ روک دینے کا مطالبہ کیا۔