ماسکو (نیوز ڈیسک)روس نے آیندہ چند روز میں ایران کو S۔300فضائی دفاعی میزائل نظام کی پہلی کھیپ روانہ کرنے کا اعلان کردیا،روس کے سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ کے ایک ترجمان ضمیر قبلوف نے ایک بیان میں کہاکہ جس میں انھوں نے کہا کہ میں نہیں جانتا،یہ آج ہوگا لیکن S۔300میزائل ایران کو روانہ کرنے کے لیے لاد دیے جائیں گے۔یادرہے کہ روس نے امریکا،اسرائیل اور دوسرے مغربی ممالک کے دباؤپر 2010ء4 میں ایران کے ساتھ اس جدید میزائل شکن راکٹ سسٹم کی فروخت سے متعلق معاہدے کو منسوخ کردیا تھا۔اس نے یہ اقدام ایران پر جوہری پروگرام کے تنازعے کی وجہ سے عالمی پابندیاں عاید ہونے کے بعد کیا تھا۔اس سال جنوری میں ایران پر عاید عالمی پابندیوں کے خاتمے کے بعد روس نے یہ میزائل نظام اس کو دوبارہ فروخت کرنے کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ ایران روس کا قریبی اتحادی ہے اور وہ اس کے اسلحے کا بھی بڑا خریدار ملک ہے۔ایران اور چھ بڑی طاقتوں کے درمیان گذشتہ سال جولائی میں طویل مذاکرات کے بعد تاریخی جوہری معاہدہ طے پایا تھا۔اس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایران نے اپنے جوہری پروگرام پر قدغنیں عائد کردی ہیں اور اس کے بدلے میں اس پر عائد امریکا ،یورپی یونین اور اقوام متحدہ کی پابندیاں ختم کردی گئی ہیں لیکن اس معاہدے کے باوجود امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی پائی جارہی ہے کیونکہ ایران نے اپنے میزائل پروگرام اور دفاعی صلاحیت کو ترقی دینے کا عمل جاری رکھا ہوا ہے