برسلز( نیو زڈیسک) برسلز میں خودکش حملہ کرکے والے نجیم العشراوی نامی شدت پسند کے بھائی اور خاندان کے دوسرے افراد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نجیم کے اقدام سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔ عرب مےڈےا کے مطابق خود کش بمبار نجیم العشراوی کے بھائی مراد العشراوی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بھائی کے اقدام پر سخت شرمندہ ہیں۔ وہ نہیں جانتے کہ ان کے بھائی نے دہشت گردی کا راستہ کب اور کیوں اختیار کیا، اس نے جو کچھ بھی کیا اس کا خاندان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہم سب اس کے خود کش حملے اور دہشت گرد گروپوں کی حمایت سے مکمل طورپر لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔ ۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے اپنے ملک کا پرچم سب سے عزیز ہے اور میں اس پر فخر کرتا ہوں۔ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ میرے بھائی نجیم العشراوی نے دہشت گردی کاراستہ کیوں چنا ہے۔ اس نے جو بھی کیا اس کے جرم سے خاندان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہم سب بہت شرمندہ، دکھی اور خوف زدہ ہیں۔مراد العشراوی کے وکیل فیلپ کولو کا کہنا ہے کہ میں العشراوی خاندان کو اچھی طرح جانتا ہوں۔ ایک ہی خاندان اور ایک ہی ماحول میں پرورش پانے والے دو بھائیوں میں سے ایک نے کھیل کا راستہ اپنایا اور دوسرے نے دہشت گردی کا راستہ چنا۔ یہ ہمارے لیے حیران کن ہے۔ ایک بھائی نے اپنا مستقل روشن کیا اور دوسرے نے اپنی زندگی کے ساتھ کئی قیمتی جانوں کے چراغ گل کردیے ۔