کابل(نیوز ڈیسک)ایک تازہ سروے رپورٹ کے مطابق 81فیصدافغان عوام اشرف غنی کی حکومت سے نہایت غیر مطمئن ہیں،جائزے میں شریک لگ بھگ 69فیصد افراد نے کہا کہ ان کی زندگی گزشتہ ایک سال کے دوران کچھ یا بہت زیادہ خراب ہوئی جبکہ صرف 30فیصد نے کچھ مثبت کہا ہے۔افغانستان میں موجودہ حکومت کے دو سال مکمل ہونے کو ہیں۔ ایک نئے بی بی جی گیلپ سروے سے معلوم ہوا ہے کہ افغان عوام ملکی قیادت سے نہایت غیر مطمئن ہیں۔سروے میں شریک لگ بھگ 81فیصد شرکا نے کہا کہ وہ حکومت کی کارکردگی سے کچھ یا بہت غیر مطمئن ہیں، جبکہ صرف 17فیصد نے کہا کہ وہ کچھ یا بہت مطمئن ہیں۔ سروے میں ملک کے 34صوبوں سے 2500افراد شریک ہوئے۔ سروے سے معلوم ہوا ہے کہ افغانستان میں تمام نسلی اور جغرافیائی گروہوں میں عدم اطمینان پایا جاتا ہے۔جائزے میں شریک افراد سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنی ایک سال قبل کی زندگی اور زندگی سے توقعات کا موجودہ زندگی سے موازنہ کریں۔لگ بھگ 69فیصد افراد نے کہا کہ ان کی زندگی گزشتہ ایک سال کے دوران کچھ یا بہت زیادہ خراب ہوئی جبکہ صرف 30 فیصد نے کچھ مثبت جواب دیا۔اس کے علاوہ تقریبا 46فیصد نے کہا کہ وہ آئندہ 12 ماہ میں حالات مزید خراب ہونے کی توقع کرتے ہیں۔ 24فیصد سے کچھ اوپر افراد نے کہا کہ وہ زندگی میں بہتری کی توقع کرتے ہیں جبکہ 30فیصد نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ زندگی کیسی ہو گی۔