سنگاپورسٹی (نیوز ڈیسک) سنگاپور کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے جو اپنے شہریوں کے تحفظ اور فلاح کا قابل رشک ریکارڈ رکھتے ہیں۔ اس ملک میں ”بے بی بونس“ کے نام سے ایک سکیم پہلے سے موجود تھی جس کے تحت والدین کو حکومت کی طرف سے بچے کی تعلیم و صحت کے لئے مالی مدد فراہم کی جاتی تھی لیکن اس سال کے بجٹ میں والدین کو ایک اور شاندار خوشخبری سنا دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ ہینگ سوی کیٹ نے بجٹ تقریر میں اعلان کیا کہ اس سال 24 مارچ یا اس کے بعد جنم لینے والے بچوں کو حکومت کی طرف سے 3ہزار ڈالر (تقریباً3لاکھ پاکستانی روپے)کا وظیفہ دیا جائے گا، جبکہ اس کے بعد والدین اپنے بچوں کے لئے قائم کئے گئے چائلڈ ڈویلپمنٹ اکاﺅنٹ میں جتنی رقم جمع کروائیں گے حکومت کی طرف سے بھی اس کے برابر مزید رقم جمع کروائی جائے گی، حتیٰ کہ کل رقم 6ہزار ڈالر (تقریباً 6لاکھ پاکستانی روپے) تک پہنچ جائے۔ یوں ہر بچے کی تعلیم وتربیت و صحت کی مد میں اس کے اکاﺅنٹ میں 9ہزار ڈالر (تقریباً 9لاکھ پاکستانی روپے) موجود ہوں گے۔