برسلز/پیرس(نیوز ڈیسک) بلجیم اور فرانس کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ برسلز کے ایئرپورٹ پر حملہ کرنے والا خودکش بمبار پیرس میں ہونے والے پرتشدد حملوں کےلئے بم بنانے والوں میں شامل تھا۔حکام کے مطابق ایک حملہ آور کا ڈی این اے پیرس حملوں میں استعمال ہونے والی خودکش جیکٹ سے ملا تھا۔ بیلجیم کے حکام کے مطابق برسلز کے ایئرپورٹ پر براہیم البکراوی اور ان کے بھائی خالد نے میٹرو سٹیشن پر خودکش دھماکہ کیا۔بلجیم کے وفاقی پروسیکیوٹر کے مطابق تیسرا حملہ آور مفرور ہے ، ایئرپورٹ پر دیکھے جانے والے ایک اور مشکوک شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ، انھوں نے کہا کہ حکام کو کچرے کی ٹوکری سے ایک خودکش حملہ آور کا تحریر کردہ بیان ملا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں براہیم البکراوی کا تحریری بیان ملا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ مجھے نہیں معلوم کہ میں کیا کروں، میں جلدی میں ہوں۔ میں بھاگ رہا ہوں۔ لوگ ہر جگہ میری تلاش میں ہیں اور اگر میں نے خود کو گرفتاری کے لیے پیش کیا تو میں قید خانے میں ہوں گا۔