کولکتہ(نیوزڈیسک)شہریار خان کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف ٹیم کے ہارنے پر سخت مایوسی ہوئی ہے لہذا قوم کو اب مزید کوئی امید نہیں رکھنی چاہیے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین شہریارخان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کے خلاف ٹیم کے ہارنے پر سخت مایوسی ہے لہذا اب قوم کو کرکٹ ٹیم سے مزید کوئی امید نہیں رکھنی چاہیے۔ بھارت سے میچ میں ٹیم میں 4 فاسٹ بولرز کی شمولیت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ یہ ایک غلط فیصلہ تھا کیونکہ جب 3 فاسٹ بولرز کی موجودگی میں میچ نہیں جیتا جاسکتا تو چوتھے بولر کی موجودگی میں بھی نہیں جیتا جا سکتا جب کہ وکٹ کو سمجھنے میں بھی غلطی ہوئی لہذا میچ میں ایک اسپنر کو شامل کیا جانا چاہیے تھا۔ شاہد آفریدی کی کپتانی کے حوالے سے شہریارخان کا کہنا تھا کہ ان کا مستقبل واضح ہے اور ایونٹ کے بعد نیا کپتان تلاش کیا جائے گا لیکن قومی ٹیم کے ہید کوچ وقاریونس کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ہوگا کیونکہ وقار یونس کا معاہدہ جون میں ختم ہوگا لیکن اگر یہ معاہدہ انگلینڈ کے دورہ سے پہلے ختم ہوتو کافی عجیب ہے۔