کولکتہ(نیوزڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت سے شکست، ٹیم کی ناقص حکمت عملی اور پرفارمنس کے بعد پی سی بی نے شاہد آفریدی کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے خلاف ناکامی اور ٹیم کی مایوس کن قیادت کے بعد پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی کو بطور کپتان مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا جب کہ وہ پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرچکے ہیں اور ٹی ٹوئںٹی ورلڈ کپ سے قبل چیرمین پی سی بی شہریار خان بھی شاہد آفریدی کو کپتانی سے ہٹانے کا اشارہ دے چکے ہیں۔ دوسری جانب پی سی بی شاہد آفریدی کے میڈیا میں دیئے جانے والے بیانات سے بھی پریشان ہے اوراب فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ اس حوالے سے بھی مزید نرمی نہیں برتی جائے گی۔پی سی بی ذرائع کے حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم چاہے سیمی فائنل میں پہنچے یا ٹائٹل اپنے نام کرلے، ایونٹ کے بعد سلیکشن کمیٹی کو فارغ کردیا جائے گا جب کہ ایشیا کپ میں مایوس کن کارکردگی کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی 5 رکنی کمیٹی بھی 3 اجلاس کرچکی ہے جس میں اس نے سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا۔دوسری جانب پی سی بی نے نئے کوچ کی تعیناتی پر بھی غور شروع کردیا جب کہ موجودہ ہیڈ کوچ وقار یونس کی مدت دورہ انگلینڈ سے قبل ختم ہورہی ہے جب کہ پی سی بی حلقوں میں قومی ٹیم کے آئندہ کوچ کے نام کے لئے کسی غیرملکی یا مقامی کوچ کے ناموں پر بات کی جارہی ہے تاہم بعض عہدیداروں کی رائے ہے کہ دورہ انگلینڈ تک وقار یونس کو بطور ہیڈ کوچ ہی برقرار رکھا جائے۔پی سی بی کو غیرملکی کوچ نہ ملنے کی صورت میں قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کو وقار یونس کی جگہ دی جاسکتی ہے جو انڈر 19 ٹیم، اے ٹیم اور قومی ٹیم کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں