ابوظہبی(نیوز ڈیسک)متحدہ عرب امارات کے بعض سکولوں کے نصاب میں پڑھائی جانے والی عربی زبان کی ایک کتاب میں خنزیر کا گوشت بنانے کی ترکیب شامل کرنے پر تنازع پیدا ہو گیا ہے۔اماراتی ذرائع ابلاغ نے زیر تعلیم بچوں کے والدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ عربی زبان کی ایک کتاب میں متعدد صفحات پر لکھا گیا ہے “آپ اپنا سور کا گوشت کس طرح پکانا پسند کرتے ہیں؟ اسلام میں خنزیر کا گوشت حرام قرار دیا گیا ہے اور اس کتاب کو ہتک آمیز اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ان شکایات کے بعد محکمہ تعلیم شارجہ نے متذکرہ کتابوں کو جمع کرنا شروع کردیا ہے تاکہ وہ ان صفحات کو نکالنے کے بعد کتب واپس لوٹا سکیں۔شارجہ میں محکمہ تعلیم کے ایک عہدیدار حصہ الخاجہ کا کہنا تھا کہ حکام والدین کی شکایات کا احترام کرتے ہیں اور مذہب اور روایات کے خلاف کسی بھی چیز کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔