لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ آفریدی پر ریٹائرمنٹ کیلئے کوئی دباو نہیں اور ان کی کپتانی پر مکمل اعتماد ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے تاہم انہوں نے ریٹائرمنٹ کی بجائے اپنا بیان واپس لے لیا جس پر شہریار خان نے کہا تھا کہ آفریدی کو کپتان ہی ورلڈ ٹی 20 کے بعد ریٹائرمنٹ لینے کی شرط پر بنایا گیا تھا۔آفریدی اور قومی ٹیم سے نالاں رہنے والے شہریار خان نے پاک بھارت میچ سے پہلے کپتان شاہد آفریدی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آفریدی پر ریٹائرمنٹ کیلئے کوئی دباو نہیں اور ان کی کپتانی پر مکمل اعتماد ہے امید اور دعاہے کہ آج کے میچ میں پاکستان ہی جیتے۔ قومی ٹیم کی سکیورٹی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو سکیورٹی دینا بھارت کی ذمہ داری ہے بھارتی وزیرداخلہ اوردیگرکی یقین دہانی پرٹیم بھارت بھیجی اور بھارتی حکومت کارویہ تسلی بخش ہے۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ شاہدآفریدی کے بیان کو غلط طورپرلیا گیا اس کی مکمل حمایت کرتاہوں، شاہد آفریدی کابیان کوئی بڑا معاملہ نہیں اس لیے نوٹس نہیں لیابھارت میں لوگوں سے بہت عزت اورپیارملا، بھارت آمدپرعوام نے ٹیم کابھرپوراستقبال کیا۔