سیول‘ ٹوکیو(نیوز ڈیسک) جاپان اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے تازہ میزائل تجربے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیزی سے تعبیر کیا ہے غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی وزیر اعظم شینزو ایے نے کہا کہ پیانگ یانگ کا حالیہ میزائل تجربہ انتہائی تشویشناک اور اشتعال انگیز اقدام ہے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت اس سلسلے میں جوابی ردعمل کے لئے عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نگرانی نظاموں کو مضبوط کرنے سمیت تمام ترممکن ذرائع سے اس صورت حال کا جواب دیں گے دریں اثناء جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کا میزائل تجربہ جنوبی کوریا کی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماری فوج صورت حال کا سنجیدہ ردعمل دکھائے گی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔