کٹھمنڈو (نیوز ڈیسک) بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ پٹھانکوٹ ایئر بیس حملہ کی تحقیقات میں مدد دینے کیلئے پاکستانی تفتیش کاروں کی ٹیم رواں ماہ کے آخر میں بھارت جائے گی۔ سشما سوراج نے مشترکہ تحقیقات کا اعلان پوکھرا میں پاکستان کے مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد کیا۔ سرتاج عزیز جنوبی ایشیاءایسوسی ایشن برائے علاقائی تعاون کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے وہاں گئے ہوئے ہیں۔ بھارت نے الزام لگایا تھا کہ پٹھانکوٹ ایئر بیس حملہ میں جیش محمد ملوث ہے۔ ملاقات کے بعد سشما سوراج نے میڈیا کو بتایا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کیلئے پاکستان کے ارکان 27 مارچ کی شام بھارت پہنچیں گے اور 28 مارچ سے تحقیقات کا آغاز کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر سرتاج عزیز نے بتایا کہ سشما سوراج کے ساتھ ملاقات بہت اچھے ماحول میں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ اس مسئلہ پر باہمی تعاون سے اچھے نتائج برآمد ہونگے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ رواں ماہ کے آخر میں واشنگٹن ڈی سی میں وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم مودی کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہو سکتی ہے۔ نیوکلیئر سیکورٹی سمٹ کے موقع پر دونوں رہنماﺅں کی واشنگٹن آمد کا امکان ہے۔