ریاض(نیوز ڈیسک)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ریت کے شدید طوفان کے بعدریاست کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی لگا دی گئی ہے جبکہ ہسپتالوں میں مریضوں کی قطاریں لگ گئیں۔ عرب نیوزکے مطابق وزارت صحت نے ریت کے طوفان کے بعد تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے 24گھنٹے اپنی خدمات کی فراہمی جاری رکھیں ۔ ڈی جی ہیلتھ افیئرز ناصر ال دوسرے نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا کہ ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا مقصد سانس کی بیماریوں جیسے دمہ اور بچے جنہیں الرجی یا اس سے مماثلت رکھنے والی بیماریاں ہوتی ہیں ان کی نگہداشت کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہسپتالوں کو اس بات کو یقینی بنانے کا انتباہ جاری کیا ہے کہ ایسے مریض جو ناک ، منہ میں گردو غبار اور پھیپھڑوں کے متاثر ہونے کی شکایت کریں فوری طور پران کا علاج معالجہ شروع کریں۔انہوں نے اس موقع پر سانس کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو ریت کے طوفان کے بعد فضا میں پیدا ہونے والے گردو غبار کے خطرات سے بچنے کے لئے گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت بھی جاری کی ۔ ملاز میں پریکٹینشنر ڈاکٹر ذاکر حسین نے عرب نیوز کو بتایا کہ ریت کے طوفان کے بعد الرجی اورسانس کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں نے قطار در قطار ہسپتالوں کا رخ کیا ہے ۔