کولکتہ (نیوزڈیسک) قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے بھارت میں دیئے گئے اس بیان کہ ”جتنا پیار بھارت نے دیا اتنا پاکستان نے نہیں دیا “ پر ہونے والی تنقید پرناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا اور چند صحافی پیدا ہی غلط بیانی کیلئے ہوئے ہیں۔ایک روز قبل کولکتہ میں پریس کانفرنس کے دور ان ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے لوگوں سے ہمیں بہت پیار ملا ہے اور اتنا پیار تو ہمیں پاکستان میں بھی نہیں ملا جتنا یہاں ملا۔شاہد آفریدی کے اس بیان پر انہیں پاکستان بھر میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور سابق کھلاڑیوں نے بحیثیت کپتان ان سے ذمے دارانہ بیان دینے پر زور دیا تاہم اس تمام صورتحال پر شاہد آفریدی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ٹی ٹوئنٹی کپتان نے تازہ صورتحال پر فیس بک پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ لوگ ٹی وی پر تبصرے کرنے کے بجائے امن کی کوششیں کریں تو یقینا امن قائم ہو جائے گا، افسوس کے کچھ صحافی معصومانہ بیان کو جان بوجھ کر غلط انداز میں پیش کرنے کیلئے ہی پیدا ہوئے ¾مثبت طرز عمل کا مظاہرہ کریں۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران جب ایک صحافی نے شاہد آفریدی سے ان کی کارکردگی کے متعلق سوال پر آفریدی نے جواب دیا تھا کہ ‘مجھے آپ سے ایسے ہی گھٹیا سوال کی امید تھی۔اس طرز عمل پر میڈیا اور سماجی حلقوں میں ٹی ٹوئنٹی کپتان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ذمے دارانہ رویہ اختیار کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔