اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سعودی عرب میں کوآپریٹو انشورنس ہیلتھ کونسل نے پابندی لگائی ہے کہ ایک خاندان کے تمام ا فراد کوایک ہی کمپنی سے میڈیکل انشورنس کرانا ہوگا۔ یہ پابندی سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں دونوں پر یکساں نافذ ہونگی۔ ایک فیملی کے افراد مختلف کمپنیوں سے میڈیکل انشورنس کرانے کے مجاز نہیں ہونگے۔ اگر کسی نے ایک سے زیادہ کمپنیوں سے انشورنس کرایا تو اس صورت میں اسے بیرون مملکت سفر سے روک دیا جائیگا اور اسے دونوں میں سے کوئی ایک انشورنس اسکیم منسوخ کرانا ہوگی۔ ایک انشورنس کمپنی کے اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ ہیلتھ انشورنس کونسل نے نئی شرائط عائد کی ہیں جسکا مقصد بدنظمی کوختم کرنا اور میڈیکل انشورنس کے عمل کو منظم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں کمپنیوں کے مفادات کا بھی لحاظ رکھا کیا گیا ہے۔ اگر کسی فیملی کے افراد ایک سے زیادہ کمپنیوں سے میڈیکل انشورنس کرائے ہوئے ہونگے تو توسیع کے وقت انکے کاغذات مسترد کردیئے جائیں گے۔ محکمہ پاسپورٹ سے بھی اس معاملے کو مربوط کردیا گیا ہے۔ ایک انشورنس کمپنی کے عہدیدار نے بتایا کہ بعض لوگ کسی خاص بیماری کی وجہ سے خاص قسم کی انشورنس اسکیم لئے ہوئے ہیں اور وہ مجبوراً ایک کے بجائے متعدد کمپنیوں سے اہل خانہ کے انشورنس کرائے ہوئے ہیں۔اس کی اجازت نہیں ہے لہٰذا جس کے پاس ایک سے زیادہ میڈیکل انشورنس ہونگے اسے صرف ایک رکھنا ہوگا دیگر کو منسوخ کرانا پڑیگا۔