اوٹاو(نیوز ڈیسک)پارلیمانی الیکشن میں حیران کن کامیابی حاصل کر کے کینیڈا کے وزیراعظم بننے والے جسٹن ٹروڈو اپنے پہلے امریکی دورے پر جمعرات کو واشنگٹن پہنچیں گے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر اوباما جمعرات ہی کے روز وائٹ ہاو ¿س میں کینیڈین وزیراعظم کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ دیں گے۔ تقریباً گزشتہ دو دہائیوں میں ٹروڈو پہلے وزیراعظم ہوں گے، جنہیں امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں اسٹیٹ ڈنر دیا جائے گا۔ اپنے اِس دورے کے دوران کینیڈین وزیراعظم طلبا کے ساتھ ملاقات کے علاوہ آرلنگٹن کے قبرستان میں پھولوں کی چادر بھی چڑھائیں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ کینیڈا کی گزشتہ حکومتوں کے دوران واشنگٹن اور اوٹاوا میں پائی جانے والی سرد مہری جسٹن ٹروڈو کے اِس دورے سے گرم جوشی میں تبدیل ہو سکتی ہے۔