کراچی(نیوز ڈیسک)دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال آئندہ برس پاکستان کا دورہ کریں گے ، انھوں نے کراچی ادبی میلہ لٹریری فیسٹیول2017میں شرکت کیلئے دعوت نامہ قبول کرلیا ہے۔ڈائریکٹر کراچی لٹریری فیسٹیول امینہ سید نے دہلی میں کجریوال سے ملاقات کی اور آئندہ سال کے ادبی میلہ میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا جس پر وزیر اعلی دہلی نے کہاکہ وہ یقینااس فیسٹیول میں شرکت کریں گے۔امینہ سید نے کہا کہ وہ وزیر اعلی نئی دہلی اروند کجریوال کو باضابطہ دعوت نامہ بھیجیں گی۔ ادبی میلے کا انعقادپاکستان آکسفورڈ یونیورسٹی پریس اور برٹش کونسل کی طرف سے کیا جائے گا۔کیجریوال نے کہا کہ وہ پاکستان ضرور جائیں گے، اس سے ہمیں ایک دوسرے کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔دہلی میں تال کٹورا اسٹیڈیم میں تین روزہ کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں شرکت کےلئے آکسفورڈ کی ڈائریکٹر امینہ سید دہلی میں ہیں۔وزیر اعلی دہلی کی طرف سے دعوت نامہ قبول کرنے کا اقدام خوش سگالی کی طرف اہم اشارہ ہے جب سے کجریوال نے اقتدار سنبھالا ہے انہوں نے سرکاری حیثیت سے ابھی تک کسی بھی ملک کا سفر نہیں کیا ہے۔