لاہور(نیوزڈیسک)مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اقبال ظفر جھگڑا کے گورنر خیبر پختوانخواہ بننے کے بعد خالی ہونےوالے سینیٹ اور سیکرٹری جنرل کے عہدوں کو پُرکرنے کیلئے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ،پارٹی کے مختلف رہنماﺅں نے عہدے حاصل کرنے کےلئے اپنی کاوشیں شروع کر دیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اقبال ظفر جھگڑا کے گورنر بننے کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے عہدوں پر موزوں شخصیات کو لانے کےلئے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے اور دونوں عہدوں کئی نام زیر غور ہیں ۔ ذرائع کے مطابق دونوں عہدوں پر پارٹی سے دیرینہ وابستگی نبھانے والوں اور پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں سے رہنماﺅں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری جنرل کے عہدے کےلئے پیر صابر شاہ ، مشاہد اللہ خان کے نام سامنے آ سکتے ہیںجبکہ نہال ہاشمی بھی اس عہدے کے خواہشمند ہیں۔ ذرائع کے مطابق سینیٹر شپ کےلئے سرتاج عزیز ، سعید مہدی ،انجم عقیل اورظفر علی شاہ کے نام لئے جارہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ظفر علی شاہ کی طرف سے پارٹی پالیسیوں کے برعکس اقدامات اٹھائے جانے کے باوجود ان کا نام سینیٹر شپ کی فہرست میں شامل ہو سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں عہدوں کےلئے فیصلہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت مرکزی رہنماﺅںسے مشاورت کے بعد کر ےگی ۔