راولپنڈی(نیوز ڈیسک)سی پی او راولپنڈی اسرار احمد نے تھانہ ریس کورس کے علاقہ میں پولیس کی جانب سے پتنگ بازوں کے خلاف کاروائی کے دوران دوسری منزل سے حادثاتی طور پر گر کر نوجوان کی ہلاکت کے بعد ایس ایچ او کو معطل کر کے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ جو تین روز میں اپنی رپورٹ سی پی او راولپنڈی کو پیش کرے گی۔ گزشتہ روز محلہ حاجیاں میں پولیس نے پتنگ بازوں کے خلاف کاروائی کے دوران گھر میں گھس کر لاٹھی چارج کی جس پر جان بچانے کی کوشش میں دوسری منزل کی چھت سے گر کر نوجوان ہلاک ہوگیا تھا۔ جس کے بعد اہل علاقہ نے تھانہ ریس کورس کے باہر شدید احتجاج کیا، جبکہ موٹر سائکلوں کو بھی آگ لگائی گئی۔ پولیس پر پتھراؤ کے سبب پولیس ک جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس بھی چلائے گئے۔نوجوان کی حادثاتی ہلاکت کو نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی اسرار احمد نے ایس ایچ او ریس کورس چوہدری الیاس کو معطل کر کے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ جس کی رپورٹ پر مزید کارائی کی جائے گی۔ ادھر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی میں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثا کے ھوالے کر دی گئی ہے۔