اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بے بنیادالزامات عائد کرنے اور کردار کشی پر نجی نیوز چینل کے چیف ایگزیکٹو اور اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود کو قانونی نوٹس بھجوا دیاجس میں 14 روز میں معافی مانگنے مطالبہ اور ایک ارب روپے ہرجانے کا تقاضہ کیا گیا ہے ،اے آر وائی نیوز چینل کے خلاف قانونی شکایت پیمرا کو بھی بھجوائی گئی ہے، نوٹس میں تنبہ کی گئی ہے کہ شاہد مسعود نے قانونی تقاضہ پورا نہ کیاتو مزید قانونی نتائج کے خود ذمہ دار ہونگے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وکیل کی طرف سینجی نیوز چینل ’’ اے آر وائی ‘‘کے چیف ایگزیکٹو او ر اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود کو بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے19فروری کے پروگرام میں وزیر خزانہ کے خلاف غلط،گمراہ کن اور توہین آمیز الفاظ استعمال کئے اور بدنیتی کے ساتھ اسحاق ڈار کی کردارکشی اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود کا ٹاک شو مکمل جھوٹ،بے بنیاد اور من گھڑت مندرجات پر مبنی تھا،اسحاق ڈار عوامی نمائندہ ہیں،اور ان الزام سے ان کی ساکھ مجروح کرنے کی کوشش کی گئی۔ یہ قابل تعجب ہے کہ معاملے کی تصدیق کئے بغیر اسحاق ڈار پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کی گئی۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود نے اپنے عمل سے الیکٹرانک میڈیا کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔اے آر وائی نیوز چینل کے خلاف قانونی شکایت پیمرا کو بھی بھجوائی گئی ہے۔قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شاہد مسعود نے قانونی تقاضہ پورا نہ کیاتو مزید قانونی نتائج کے خود ذمہ دار ہونگے،قانونی نوٹس کا تقاضہ پورا نہ ہونے پر متعلقہ قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔