لاہور(ڈیلی آزاد نیوز ڈیسک) چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے بھارتی ہم منصب نے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے اور پاکستانی ٹیم، صحافیوں اور شائقین کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ششانک منوہر نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی جس میں ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ کے بیان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین بی سی سی آئی نے پاکستانی ہم منصب کو یقین دہانی کرائی کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے دھرم شالہ میں ہونے والے میچ کے دوران بی جے پی کی مرکزی حکومت پاکستانی شائقین ، کھلاڑیوں اور صحافیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے گی۔ واضح رہے کہ ہماچل پردیش حکومت نے پاک بھار ت میچ کیلئے سیکیورٹی دینے سے معذوری ظاہر کی تھی اور اس حوالے سے وزیر اعلیٰ نے وزارت داخلہ کو خط بھی لکھا تھا۔