لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور نالج پارک کمپنی اور عثمانی اینڈ کمپنی کے درمیان لاہور نالج پارک کمپنی کے آفس میں نالج پارک کی تعمیر کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خاں بھی اس موقع پر موجودتھے۔ عثمانی اینڈ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آصف عثمانی اور لاہور نالج پارک کمپنی کے سی ای او شاہد زمان نے معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کئے ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیمی شعبے اور کارپوریٹ سیکٹر کے ادغام کے ذریعے نالج اکانومی کے فروغ کے لئے کوشاں ہے ۔لاہور نالج پارک 800-ایکڑ رقبے پر تعمیر ہوگا اور دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے سب کیمپسز کے علاوہ عالمی شہرت یافتہ کاروباری کمپنیوں کے دفاتر لاہور نالج پارک کے احاطے میں موجود ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے حال ہی میں اس منصوبے کے لئے 21-ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور نالج پارک کے احاطے میں ہی آئی ٹی یونیورسٹی اپنا نیا کیمپس کھولے گی اور اس مقصد کے لئے رقبہ مختص کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فروغ تعلیم ہی میں ہمارے تمام مسائل کا حل مضمر ہے ۔