اسلام آباد(نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے نامزد گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ڈی پیز کی بحالی اوردوبارہ آباد کاری میری اولین ترجیح ہوگی۔ جنگ رپورٹر وقار ستی کے مطابق اتوار کونجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اقبال ظفر جھگڑا نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کی قمر ٹوٹ چکی ، حکومت اور ریاستی ادارے دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کے پی کے میںتمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں گا میں سمجھتا ہوں کہ کے پی کے کے مسائل کا واحد حل تمام سیاسی جماعتوں میں مفاہمت ہے اس لئے پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کوصوبائی مسائل کے حل کےلئے مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں، ان کاکہنا تھا کہ میں کوشش کروں گا کہ پی ٹی آئی اور وفاق کے درمیان فاصلے کم ہوسکیں کیونکہ یہی وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں آج سوموار کو وزیراعظم سے ملاقات میں سیکرٹری جنرل کے عہدے سے استعفیٰ پیش کروں گا اورجمعرات کو گورنر کے عہدے کا حلف لوں گا