لاہور(نیوزڈیسک)تھیٹر ڈراموں اور ثقافتی طائفوں کی آڑ میں لندن سمیت دیگر یورپی ممالک میں انسانی سمگلنگ میں مبینہ طور پر ملوث پروموٹرز اور پروڈیوسروں کی چھان بین او رانکے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ۔مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ دس سالوں سے پروموٹرز او رڈرامہ پروڈیوسرز غیر ملکی پروموٹرز کےساتھ مل کر میوزیکل شوز ، اسٹیج ڈراموں اور ثقافتی طائفے لے کر بیرون ممالک میں جاتے ہیں ۔ ان طائفوںمیں فنکاروں کے ساتھ لاکھوں روپے لے کر ایسے افراد کو بھی فنکار بنا کر باہر کے ممالک میں سمگل کر دیا جاتا ہے جو وہاں جا کر غیر قانونی طور پر غائب ہو جاتے ہیں جس سے ملک کی بدنامی ہو رہی ہے۔ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں نے اس سلسلہ میں باقاعدہ چھان بین کرکے کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ سخت کارروائی کے فیصلے کی خبریں موصول ہونے کے بعد پروموٹرز او رڈرامہ پروڈیوسرزمیں کھلبلی مچ گئی ہے اور انہوں نے خود کو بچانے کے لئے اعلیٰ سطحی رابطے تیز کردیئے ہیں ۔