اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم نوازشریف نے وادی شوال میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیاہے ۔تفصیلات کے مطابق نوازشریف کا کہناتھا کہ شہید ہونے والے اہلکاروں نے آخری سانس تک جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا ،انہوں نے ملک کے مستقبل کو اپنے آنے والے کل پر ترجیح دی ۔وزیراعظم کا کہناتھا کہ شہید اہلکاروں نے ظاہر کر دیا کہ ملکی تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ،یہ اچھائی اور برائی کی جنگ ہے نذرانے پیش کرنے والے قوم کا فخر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قوم کو اس مشکل وقت میں جس جذبے کی ضرورت ہے ،شہداءاس کی زندہ مثال ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ شہداءہمیشہ ہمارے دلوں اور دعاﺅں میں زندہ رہیں گے ،شہداءکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ واضح رہے کہ وادی شوال کے علاقے منگروتی میں پاک فوج کے جوانوں نے فرار ہوتے ہوئے دہشتگردوں کو گھیرے میں لیا جس کے باعث فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 19شدت پسند مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ،فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے افسرسمیت چار اہلکار بھی شہید ہو گئے۔