کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں فروری کے دوران گرمی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ پارہ 36 عشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ پر پہنچ گیا۔ گرمی کی شدت دو سے تین روز برقرار رہے گی۔شہر قائد میں سردی تو اپنا زور نہیں دکھا سکی لیکن فروری میں ہی موسم گرما نے اپنے تیور دکھانے شروع کر دئیے۔ شہر میں پارہ 36 عشاریہ 5 سینٹی گریڈ پر پہنچا تو کراچی میں فروری گرمی کا 20 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔ 1996 میں 25 فروری کو 36.1 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ایک ریکارڈ کیا گیا تھا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ کراچی میں گرمی یوں زور پکڑ لے گی انہوں نے سوچا نہیں تھا۔ شہری ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کر کے گرمی کی شدت کو کم کر رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں گرمی کی یہ لہر اآئندہ دو سے تین روز تک برقرار رہے گی جبکہ سمندری ہوائیں بھی چلنا بند ہو گئی ہیں اور شمال مشرق سے چلنے والی ہواؤں نے کراچی کو گھیرا ہوا ہے۔