لاہور(نیوزڈیسک)لڑکیوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر بیرون ملک فروخت کرنے کا معاملہ مزید سنگین ہو گیا، انصاف مانگنے کےلئے درخواست دینے والی ماں کو بھی مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ میں ایک خاتون انیلہ بیگم کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا تھاکہ امجد نامی ایجنٹ نے میری بیٹیوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر 3لاکھ روپے کے عوض دبئی میں فروخت کردیا، عدالت امجد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔جس پر عدالت نے خاتون کی درخواست پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا تھا۔بتایا گیا ہے کہ لڑکیوں کی ماں کی طرف سے درخواست دائر کئے جانے کے بعد اسے بھی مبینہ طور پر اغواءکر لیا گیا ہے اور اس کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔پولیس نے بیٹیوں کی بازیاں کے لئے درخواست دینے والی انیلہ بیگم کے مبینہ اغواءکا مقدمہ درج کر لیا ۔ پولیس کی طرف سے ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تاہم وہ تالہ لگا کر فرار ہو چکا ہے جبکہ اس کا موبائل بھی بند ہے