اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کے اعلیٰ حکام نے کہا ہے کہ ادارے کا مجموعی خسارہ 254 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ اجلاس کے دوران سینیٹر کامل علی آغا نے چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر کو جھاڑ پلا دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی کارکردگی پر قائم سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پی آئی اے حکام نے شرکاء کو بریفنگ دی۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ فلائٹ آپریشن میں 38 ائیر کرافٹ موجودہیں اور 2017ء تک مزید 5 طیارے لیز پر لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ سال سے سٹریٹجک پلان نہیں بنایا گیا تاہم اب پی آئی اے بورڈ نے سٹریٹجک پلان کیلئے خصوصی کمیٹی بنا دی ہے ،پی آئی اے کا مجموعی خسارہ 254 ارب سے تجاوز کر گیا ہے۔اس موقع پر سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ پی آئی اے کے اثاثے کم ہیں، قرضے کس طرح زیادہ ہو گئے جس پر چیئرمین نجکاری کمیشن نے جواب دیا کہ آپ فضول کی بحث کر رہے ہیں۔ چیئرمین نجکاری کمیشن کے جواب پر کامل علی آغا نے انہیں جھاڑ پلا دی اور کہا کہ سوال پی آئی اے چیئرمین سے کیا جا رہا ہے آپ کیوں جواب دے رہے ہیں