پشاور(نیوز ڈیسک) عمران خان کے دورہ پشاور کے موقع پر تاجروں کی طرف سے احتجاج کیا گیاجس میں انہوں نے ’’ گو عمران گو ‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے پشاور کو رینجرز کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جمعرات کے روز ایک یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکت کیلئے پشاور گئے جہاں سے انہوں نے اندرون شہر کے علاقے میں ایک تاریخی عمارت کا دورہ کرنا تھا تاہم تاجروں کے احتجاج کے باعث عمران خان کو دورہ منسوخ کرنا پڑا۔تاجروں نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی کیخلاف شدیداحتجاج کیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پشاور میں امن قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اس لیے پشاور کو رینجرز کے حوالے کیا جائے۔ احتجاج کے دوران تاجروں نے بڑی تعداد میں پلے کارڈ بھی اٹھارکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے اس کے علاوہ مظاہرین نے ’’ گو عمران گو‘‘ اور ’’یا ہمیں تحفظ دو یا حکومت چھوڑ دو‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔