کراچی (نیوز ڈیسک) عزیز آباد پولیس نے بینک سے رقم نکلوانے والے شہریوں کو نظر بند کر کے لوٹنے والے شخص کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ،ملزم ایرانی شہری ہے،ملزم کی گرفتاری کے بعد شاہ فیصل کی متاثرہ خاتون بھی تھانے پہنچ گئی،ملزم شہریوں کو نظر بند کر تا اوراس کے ساتھی رقم لے کر فرار ہو جاتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق عزیز آباد تھانے کی حدودحسین آباد میں نجی بینک کے قریب کھڑی پولیس موبائل میں بیٹھے اہلکاروں نے ایک مشکوک شخص کو بینک سے نکلنے والے شخص سے پیسے لوٹ کر بھاگتے دیکھا تو اس کا پیچھا کرکے اسے گرفتار کرلیا، ملزم کی شناخت سید غلام علی کے نام سے ہوئی، ملزم بینک میں داخل ہوکر رقم نکلوانے والے شہریوں سے ملتا اور چند ہی سیکنڈ میں بات چیت کے دوران نظربند کرکے رقم لوٹ کر رفو چکر ہوجاتا تھا،گرفتاری کے وقت ملزم نے شہری سے ایک لاکھ 40ہزار روپے لوٹے تھے جوکہ ملزم کے ساتھی لے کر فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم گلستان جوہر کا رہائشی ہے اور اس کا تعلق ایران سے ہے جبکہ ملزم ابھی تک پولیس کو اپنا قومی شناختی نہیں فراہم نہیں کرسکا ہے،اس حوالے سے ملزم کی گرفتاری کی خبریں مختلف نجی ٹی وی پر نشر ہونے کے بعد شاہ فیصل کالونی کی ایک متاثرہ خاتون نے بھی تھانے سے رجوع کرلیا، خاتون کے مطابق ملزم نے اس سے بھی شاہ فیصل کالونی کے علاقے میں 86ہزار روپے لوٹ چکا ہے، ملزم کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔