لاہور(نیوز ڈیسک)اورنج لائن میٹرو ٹرین مکمل منصوبے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ۔فاضل عدالت نے صوبائی حکومت کو منصوبے کیلئے کئے گئے معاہدوں اور منصوبے کیلئے لئے گئے قرض سمیت تمام تر تفصیلات 7 مارچ کوپیش کرنے کا حکم دیدیا۔ گزشتہ روز جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سول سوسائٹی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی جس میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے مکمل منصوبے کو چیلنج کیا گیا ۔درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا کہ اورنج لائن ٹرین کے معاہدوں کے بارے میں غلط بیانی سے کام لیا جارہا ہے، اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لیے معاہدے اور ٹینڈر میں شفافیت برقرار نہیں رکھی گئی ۔اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ منصوبے کا کل تخمینہ 160ارب سے زائد کا ہے جبکہ عوام کو غلط اعداد و شمار بتائے جارہے ہیں اسی طرح ایکوزیشن کے لیے مقرر تخمینہ اصل رقم سے کہیں زیادہ ہے۔ مزید موقف اختیار کیا گیا کہ منصوبے کو وقت سے پہلے شروع کرکے معاہدے کی پاسداری نہیں کی گئی اور منصوبے کے لیے حاصل کردہ قرض کی تفصیلات میں بھی تضاد ہے۔