اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد نواز شریف (آج) جمعہ کو گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کیلئے کراچی پہنچیں گے۔ گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم ملک کاپہلا تیز رفتار ٹرانزٹ سسٹم ہے جس کا آغاز وفاقی حکومت کی طرف سے کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ کراچی کے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کا اضافی دباؤ کم کرنے کی جانب اہم سنگ میل ہے جس سے سفری اخراجات اور وقت کی بچت ہو گی۔ یہ منصوبہ سرجانی ٹاؤن سے شروع ہو کر میونسپل پارک ایم اے جناح روڈ کراچی پر ختم ہو گا۔ منصوبے کیلئے کراچی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (کے آئی ڈی سی ایل ) کے نام سے ایک خود مختار کمپنی قائم کی گئی ہے جو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی زیر نگرانی کام کریگی۔ منصوبے کی تکمیل سے یومیہ بنیاد پر 3 لاکھ مسافر مستفید ہو سکیں گے۔ منصوبے پر 16 ارب 8 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت آئیگی جس کیلئے پوری رقم وفاقی حکومت کی طرف سے فراہم کی گئی ہے یہ منصوبہ تقریباً ایک سال کے عرصہ میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔