اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان میں سعودی سفارت خانے کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ٹریول ایجنسیوں کے صرف ان پاسپورٹوں پر ویزے لگائے جائیں گے جو گروپ بناکر پاسپورٹ ویزہ قونصلیٹ کو پیش کریں گے۔ آئندہ ٹریول ایجنٹ کے لئے لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ گروپ کے پاسپورٹ پیش کرنے اور قونصل خانے سے واپس لے جانے کے لئے ایسے دونمائندے لازمی طور پر نامزد کریں گے جن کو عربی زبان یا انگریزی زبان پر مکمل عبور حاصل ہوگا جنگ رپورٹر حنیف خالد کے مطابق ایسے دونامزد نمائندوں کی تازہ ترین دودوتصاویر (تصدیق شدہ) بمعہ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی تصدیق شدہ نقل کے ساتھ سعودی قونصلیٹ کو پیشگی پیش کرنا ہوگی۔ سعودی سفارت خانے کی طرف سے جو ہدایات جاری کی گئی ہیں وہ حسب ذیل ہیں۔ چونکہ سعودیسفارت خانہ اوورسیز ایمپلائمنٹ ایجنسیوں کے درمیان برابری کے اصول پر عمل کرتا ہے اور ان سب کیلئے سہولت اور ورک ویزا یکساں بنیادوں پر فراہم کرنا چاہتا ہے اسلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاسپورٹ مختلف گروپوں کی صورت میں پیش کئے جائیں (جن کی تعداد بعد میں مقرر کی جائے گی) اور ورک آفسز کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ گروپ بنالیں اور اپنے پاسپورٹ ایک گروپ کی صورت میں درج ذیل طریقے سے سعودی قونصلیٹ میں جمع کرائیں۔ oہرگروپ اپنی ترتیب اپنی مرضی سے بنائے گا اور اپنے دو(۲)افراد کو نمائندہ بنائے گا جو پاسپورٹ اس کی جانب سے قونصل خانے میں جمع کروائیں گے۔