لاہور(نیوزڈیسک) سی آئی اے سول لائنز نے شاہدرہ ٹاﺅن کے تاجر کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا ،اہلیہ اور بیٹے نے دوسری خاتون سے تعلقات کے شبہ میں قتل کیا ۔تفصیلات کے مطابق پولیس کو کچھ عرصہ قبل مقبرہ جہانگیر کے پاس سے کپڑے میں لپٹی لاش ملی تھی ۔ پولیس کے مطابق لاش شاہدرہ ٹاﺅن کے رہائشی تاجر نوید کی تھی جسے سر پر آہنی راڈ کے وار کر کر کے موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔مقتول کی شناخت کے بعد سی آئی اے پولیس کو اسکی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی جس نے بالآخر اندھے قتل کا سراغ لگا لیا ۔ڈی ایس پی میاں شفقت کے مطابق مقتول تاجر کے قاتل اس کی اہلیہ شازیہ اور بیٹا بلال نوید ہیں۔ڈی ایس پی شفقت کا کہنا تھا کہ مجرموں کو تاجر پر کسی غیر عورت کے ساتھ جنسی مراسم رکھنے کا شبہ تھا جس پر انہوں نے مقتول نوید کو نیند کی گولیاں کھلا کر سلا دیا اور بعد ازاں سر پہ آہنی راڈ کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔قتل کا سراغ مٹانے کےلئے مقتول کی لاش کو کپڑے میں لپیٹ کر مقبرہ جہانگیر کے قریب پھینک دیا گیا۔