اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے افغان شہری کو غیر قانونی طور پر نادرا میں بھرتی کرانے کے کیس میں ملوث کے کیس میں ملوث نادرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ بدھ کے روز سینیئر سول جج عبدالغفور کاکڑ نے نادرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد فیصل حامد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے‘ ایف آئی اے سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیاقت علی نے عدالت کو درخواست دی کہ ملزم محمد فیصل حامد جو کہ نادرا میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات ہے جس کے خلاف طارق علیم گل سیکشن افیسر نادرا کی شکایت پر مقدمہ دائر کیا گیا ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ایک افغان شہری روح اﷲ کو نادرا میں بطور ڈی ای او بھرتی کرایا اور ملزم ایک سال تک اس عہدے پر کام کرتا رہا جس کے دوران اس نے اپنے بھائی اور خاندان کے دیگر افراد کے شناختی کارڈ بھی بنوائے جس کو بعد میں ایف آئی اے نے گرفتار بھی کیا تھا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم فیصل حامد زیر زمین جاچکا ہے جس کو تاحال گرفتار نہیں کیا لہذا عدالت ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرے عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم فیصل حامد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔