دبئی (انٹرنیشنل ڈیسک)پاکستان کر کٹ بورڈ( پی سی بی) ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا پہلا ایڈیشن ہی 100فیصد کامیاب ہوگیا ہے،اس کے انعقاد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہ ہموار ہوگی،پی ایس ایل کے انعقاد سے پی سی بی کو کوئی نقصان نہیں ہوا تاہم فرنچائز بھی خوش ہیں۔دوبئی میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل کو دوبئی اور شارجہ کے تماشائیوں نے کامیاب بنایا اور دنیا بھر سے لوگ اسے دیکھنے کے لئے آئے۔انہوں نے کہاکہ ہماری پوری کوشش ہے کہ اگلے سال پی ایس ایل کے کچھ میچز پاکستان میں کروائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل کی کامیابی پر وزیر اعظم محمد نواز شریف نے بھی مبارکباد دی ہے۔نجم سیٹھی نے کہاکہ پی ایس ایل کے انعقاد سے پی سی بی کو کوئی نقصان نہیں ہوا تاہم فرنچائز بھی خوش ہیں۔اپریل تک بتادیں گے کہ پی ایس ایل کے انعقاد سے فرنچائز کے کتنے اخراجات ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل نے پوری دنیا میں پاکستان کا سوفٹ امیج پیش کیا ہے اور اب غیرملکی ٹیمیں بھی پاکستان آنا شروع ہوجائیں گی۔