اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان میں چینی سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان میں توانائی کی قلت کے خاتمہ کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا‘ پارلیمنٹ ہاؤس میں گرین پارلیمنٹ سولر پاور پراجیکٹ چینی صدر اور عوام کی طرف سے ایک تحفہ ہے۔وہ پارلیمنٹ ہاؤس میں گرین پارلیمنٹ سولر پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خصوصی بات چیت کررہے تھے ۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں قریبی دوست ہیں۔ چین کے صدر جب دورہ پاکستان پر آئے جس میں 45 ارب ڈالر کے منصوبوں کا اعلان کیا گیا تھا اس موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس میں سولر پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد چینی صدر اور وزیراعظم نواز شریف نے مشترکہ طور پر رکھا تھا‘ آج یہ منصوبہ مکمل ہوچکا ہے اور پاک چین مثالی دوستی کا ایک اور سنگ میل مکمل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان میں توانائی کے منصوبوں کے لئے تعاون جاری رکھے گا۔