کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی کے علاقے محمودآباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم مارا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کر کے 13 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔سپر ہائی وے پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ذرائع کے مطابق لیاری کے علاقے علی محمد محلہ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران گینگ وار کے مطلوب ملزم گلاب عرف گلابو کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے گذشتہ ماہ بغدادی میں مسلم لیگ ن کے رہنما میر اشفاق کے بھائی میر اشتیاق کو قتل کیا تھا۔محمودآباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں لیاری گینگ وار کا کارندہ علی بٹ مارا گیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ علی بٹ پولیس کو اغوا برائے تاوان ، پولیس اور رینجرز پر حملوں میں مطلوب تھا۔ سپر ہائی وے پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ فائرنگ کے واقعے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تاہم 2 فرار ہو گئے۔اس سے قبل فیروز آباد میں پولیس نے کارروائی کرکے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ عزیز آباد میں کالے جادو کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے ملزم کو پولیس نے اس وقت دھرلیا جب وہ بینک سے رقم لے نکلنے والے ایک شخص کو جھانسا دینے کی کوشش کررہا تھا۔دوسری جانب لیاقت آباد سپر مارکیٹ میں پولیس نے اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے والے افراد کو لوٹنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ جوہر موڑ کے قریب شہریوں نے مبینہ طور پر لوٹ مار میں ملوث دو ملزمان کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔