کراچی (نیوز ڈیسک)سابق وزرااورافسران مالی بحران کا شکار بلدیہ عظمی کراچی کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیوں کے ساتھ ساتھ لاکھوں روپے کا فیول بھی لوٹا جانے لگا۔ ذرائع کے مطابق بلدیہ عظمی کراچی شہریوں کے مسائل حل کرنے سے زیادہ وزرااور اپنے افسران کی خواہشات پوری کرنے مصروف ہے۔ کسی نے وزیر بن کر تو کوئی اعلی افسر بن کر اس ادارے کو لوٹتا رہا۔موجودہ اسپیکر آغا سراج درانی جب وزیر بلدیات بنے تو گاڑیوں کی لمبی لائن کے ساتھ دو قیمتی گاڑیوں کی بھی فرمائش کر بیٹھے جو تاحال ان کے استعمال میں ہیں۔ نیب کی تحقیقات کا سامنا کرنے والے شرجیل میمن ایک کروڑ مالیت کی گاڑی قبضے میں کیے بیٹھے ہیں تو سابق ایڈمنسٹریٹر ثاقب سومرو دو ہاتھ آگے نکلے۔تین لگژری گاڑیاں بلدیہ عظمی کی لے اڑے جبکہ سابق ایڈمنسٹریٹر لالہ فضل الرحمان کے پاس ایک گاڑی سابق کمشنر کراچی شعیب صدیقی کے پاس دو گاڑیاں کے ایم سی کے سابق افسر جاوید حنیف کے پاس ایک گاڑی کورنگی کے ایڈمنسٹریٹر غلام رسول کے پاس ایک گاڑی غربی کے میونسپل کمشنر اشفاق ملاح کے پاس ایک گاڑی اس کے علاوہ درجنوں سابق افسران کے پاس گاڑیاں ہیں ۔ذرائع کے مطابق گاڑیوں کو قبضے میں رکھنے والے کئی افسران کے ایم سی سے لاکھوں روپے کا فیول بھی حاصل کرتے رہے ہیں۔