لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے ایوان میں حکومت اور اپوزیشن نے ٹی وی چینلز پر جرائم اور مقدمات کو ڈرامائی تشکیل دیکر دکھانے کے خلاف بھر پور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکے خلاف قرارداد منظور کر لی۔ حکومتی رکن عظمی بخاری کی جانب سے پیش کی جانے والی قرارداد کی کسی نے مخالفت نہیں کی۔ پنجاب اسمبلی نے وفاقی حکومت سے سفارش کی کہ تمام ٹی وی چینلز پر جرائم اور مقدمات کی ڈرامائی تشکیل پر پابندی عائد کی جائے۔ ارکان پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ ڈرامائی تشکیل میں جرائم کو گلیمرائز کر کے دکھانا ، جرم کے نئے نئے انداز سے آگاہ کرنا اور جرائم پیشہ افراد کو ہیرو بنا کر پیش کرنا غلط ہے۔ ڈرامائی تشکیل والے ایسے پروگرام میں معاشرے میں غلط رحجان کو جنم دے رہے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان نے وفاقی حکومت سے سفارش کرتے ہوئے اس ضمن میں فوری طور پر مناسب اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔