پشاور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان وزیر کی زیر صدارت منگل کے روز سیکرٹری ٹرانسپورم کے دفتر پشاور میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ ظہور اصغر قریشی نے پشاور میں سو جدید بسیں چلانے کے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ منصوبے کومشتہر کرنے کےلئے حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اجلاس کے شرکاءسے باتیں کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں بے ہنگم ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے یہ منصوبہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوابھی عوامی سہولیات سے وابستہ اس منصوبے کی جلد تکمیل میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ملک شاہ محمد خان وزیر نے اجلاس کے شرکاءپر زور دیاکہ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کےلئے اچھی شہرت کی حامل کمپنیوں کو اولین ترجیح دی جائے جو اپنا منافع کمانے کے ساتھ ساتھ عوام کو ان کی توقعات کے مطابق سروس فراہم کر سکتے ہوں اور ساتھ ہی منصوبے کی کمانڈ اینڈ کنٹرول اور مانیٹرنگ سسٹم کے لئے ایسی حکمت عملی وضع کریں جس کے تحت عوام مکمل طور پر کمپنی کے رحم و کرم پر نہ ہوں۔