اسلام آباد ( نیوزڈیسک) اسلام آباد کے اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ وقاص رشید نے دھرنوں کے دوران ریڈ زون میں جلوس کی شکل میں داخل ہو کر دفعہ 144 اور ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے ملزمان کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمہ کی سماعت کی۔ دوران سماعت صرف ایک ملزم آصف نذر عرف ڈی جے بٹ عدالت میں پیش ہوا۔ پولیس نے رپورٹ جمع کروائی کہ عمران خان اور طاہر القادری سمیت جن ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے ان کی تعمیل نہیں ہو سکی لہذا ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں اگر آئندہ بھی ملزمان پیش نہ ہوئے یا گرفتاری عمل میں نہ آ سکی تو ان کو اشتہاری قرار دے کر جائیداد ضبطگی کی کارروائی کا آغاز کرنے کی استدعا کی جائے گی۔ دوران سماعت ملزم ڈی جے بٹ پر دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے پر فرد جرم عائد کر دی۔ اس سے قبل ملزم پر ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔ ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔ عدالت نے استغاثہ سے شہادتیں طلب کرتے ہوئے سماعت 24 مارچ تک ملتوی کر دی۔